کالام میں برف ہٹانے کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری

کالام: اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری کالام اور اس کے گرد و نواح میں تیسرے روز بھی برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی افراد کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی عدنان ابرار کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ کے تعاون سے جلیل آباد روڈ، کالام مال روڈ، کس روڈ، اور دیگر اہم شاہراہوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

آپریشن کا مقصد سیاحتی مقامات تک رسائی کو بحال رکھنا ہے۔

اس آپریشن کے دوران ٹیم کو سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کا سامنا رہا، لیکن بھاری مشینری کی مدد سے برف صاف کرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

سیاحوں اور مقامی افراد نے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بروقت اقدامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ یہ آپریشن نہ صرف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہا ہے بلکہ سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہا ہے۔