سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات کے سیاحتی مقام کالام میں سالانہ سنو کبڈی کا آغاز ہوگیا۔ اس سال ٹورنامنٹ میں کالام اور ملحقہ علاقہ جات سے 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ہر ٹیم سات کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔کالام کے شاہی گراونڈ میں دو فٹ تک جمی برف پر کھلاڑی کبڈی کے مقابلوں میں اپنے داو پیچ لگا رہے ہیں اور حریف کھلاڑیوں کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ اس سال ٹورنامنٹ کا انعقاد مقامی نوجوانوں نے ہوٹل ایسوسی ایشن اور یوتھ افئیرز کے تعاون سے کیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کے ارگنائزر عزیز کالام کا کہنا ہے کہ سنو کبڈی کالام میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد سرمائی سیاحت کو فروغ دینا ہے اور نوجوانوں میں جنگلات اور پرندوں کی حفاظت کے حوالے سے آگاہی دینا ہے ۔ کالام میں شدید سردی میں جہاں لوگ گھروں تک محدود ہوجاتے ہیں وہی دوسری طرف نوجوان سنو کبڈی کے ذریعے اپنے جسم کو گرم رکھتے ہیں۔امتیاز خان جو سنو کبڈی کے مقامی کھلاڑی ہے وہ کہتے ہیں کہ گرمیوں میں تو کبڈی کھیلتے ہی رہتے ہیں مگر شدید برفباری کے دوران منفی درجہ حرارت میں کبڈی کھیلنے کا تجربہ نہایت شاندار رہا کیو نکہ نہ سردی محسوس ہوئی اور نہ ہی برف کے باعث زمین پر گر کر زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ہم خیبرپختونخواہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہاں پر کبڈی کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اس لیے “سنو کبڈی” کی باقاعدہ ٹیم بنائی جائے تاکہ اس کھیل کو مزید فروغ ملیں۔سنو کبڈی کا پہلا راونڈ ہفتہ کے روز مکمل ہوگیا جبکہ آخری راونڈ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔