کالام (نمائندہ زما سوات) کالام میں جائیداد تنازعہ کے دوران مبینہ کیپٹن نے بیلچے کے وار سے ایک شخص کو شدید زخمی کردیا۔مقامی ذرائع کے مطابق سوات کی وادی کالام میں مقامی شخص عبدالجبار اور ٹاؤن شپ منگورہ کے رہائشی عباس نامی ایک شخص کے مابین جائیداد کے لین دین پر ہاتھاپائی ہوئی۔ اس دوران عباس نامی شخص جوکہ خود کو پاک آرمی کا کیپٹن ظاہر کررہا تھا نے بیلچے کے وار کرکے مقامی نوجوان فضل کریم کو شدید زخمی کردیا، جس کو طبی امداد کے لئے سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق عباس کے ساتھ وقار اور امجد نامی دو مزید افراد بھی شامل تھے، جنہوں نے مقامی لوگوں پر پستول تانی۔ اس کے بعد علاقہ عوام طیش میں آگئے اور ملزمان کو کالام پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عباس اور ان کے ساتھی مقامی پولیس کے ساتھ بھی دھمکی آمیز لہجوں میں بات کر رہے تھے اور اپنا شناختی کارڈ دینے سے انکاری تھے، تاہم پولیس نے ان کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔