سوات : کالام میں دریائے سوات بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں کیدام ٹو مدین ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے خلاف عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
جرگے میں بڑی تعداد میں مقامی مشران، نوجوان، سماجی کارکنان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اس منصوبے کو ماحولیاتی، معاشی اور ثقافتی تباہی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور مطالبہ کیا کہ دریائے سوات کے قدرتی بہاؤ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔
مقررین نے کہا کہ دریا کو ٹنلوں میں ڈالنے کی کوشش نہ صرف ماحول کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس سے سیاحت، زراعت اور مقامی معیشت بھی شدید متاثر ہوگی۔ جرگے نے بحرین کے عوام سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سوات کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔
شرکاء نے واضح کیا کہ دریائے سوات کے قدرتی حسن، ماحول اور بہاؤ پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں اور اس حوالے سے تمام فورمز پر آواز بلند کی جائے گی۔