سوات(زما سوات ڈاٹ کام )کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام کی زیرصدارت کمشنر آفس سیدوشریف میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جسمیں ملاکنڈ اضلاع میں صفائی کی صورتحال اور پولی تھین لفافوں کے خاتمے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈی سی اپر چترال علی خان،ڈی سی اپردیر شعیب خان،ڈی سی شانگلہ حمید الرحمان, اے ڈی سی بونیر،باجوڑ، ملاکنڈ، لوئر چترال، تمام اضلاع کے ٹی ایم اووز سمیت ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے سی ای او شیدا محمد شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی دکھائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی کے احکامات کی روشنی میں تمام ٹی ایم اووز اور ضلعی انتظامیہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فضلہ دریا برد کرنے کے عمل کی ہر صورت روک تھام کی جائے اور آبپاشی والی نہروں کی بھی صفائی کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے لئے نقشہ جات کی منظوری دیتے ہوئے اصولوں اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصولوں کی خلاف ورزی پر آفیسر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا مون سون بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات بارش کے پانی کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ بنی جن کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ اس ضمن میں ڈبلیو ایس ایس سی سوات نے بھرپور کردار ادا کیا اور بھر وقت پانی کو نکالنے اور کچرہ ہٹانے میں کامیاب رہی۔ مسقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے نہروں اور نالیوں پر غیر قانونی تعمیرات ہٹانی ہونگی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سوات کو کاروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے۔ شاہراہوں اور سڑکوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ سڑکوں کے کنارے تعمیراتی ملبہ، کرش اور بجری وغیرہ فوراً ہٹائی جائے اور ایسا کرنے پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ پولی تھین لفافوں کے تدارک کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی کسی بھی دوکان میں پولی تھین لفافے نظر نہیں آنے چاہئیں اور خلاف ورزی کی صورت میں دوکاندار پر بھاری جرمانہ عائد کیاجائے، عوام میں ماحول دوست لفافوں کے استعمال کا رجحان عام کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ماحول دوست لفافے تقسیم کرے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ پولی تھین لفافے صفائی کے عمل میں بھی رکاوٹ ہیں اور اس سے قدرتی ماحول کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے پولی تھین لفافوں پر پابندی ہر صورت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔