سوات (زما سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیرصدارت کمشنر آفس سیدوشریف میں فارسٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور آفریدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈپٹی کمشنر اپردیر محمد شعیب، چیف کنزرویٹر فارسٹ اعجاز قادر، ڈی ایف او سوات محمد وسیم، ڈی ایف او اپر دیر عبدالمجید، کنزرویٹر فارسٹ ملاکنڈ حضرت میر اور محمد یوسف خان اور ڈی ایف او کالام اماد الدین بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن خصوصا سوات اور اپر دیر میں جنگلات سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ فارسٹ آفیسر اور چیف کنزرویٹر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ جنگلات کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اور اس ضمن میں ٹمبر مافیا کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی حلقوں، میڈیا اور سوشل میڈیا میں مختلف جگہوں پر درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں۔ کسی بھی عوامی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے تحفظ کیلئے مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ روابط مزید تیز کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات ملاکنڈ ڈویژن کی پہچان ہیں اور ان کی دیکھ بھال فارسٹ قوانین کے عین مطابق عمل میں لائی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا مزید کہنا تھا کہ فارسٹ قوانین سے متعلق آگاہی کی بھی ضرورت ہے۔