سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم اے کی موسم سرما کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجالاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ اضلاع سے انتظامی اور ریلیف آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملاکنڈ اضلاع میں موسم سرما کے دوران برف باری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کرنے اور عام آمدورفت کے لئے شاہراہوں اور سڑکوں کو کھلا رکھنے کے لئے وسائل و مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ کے اضلاع خصوصاََ چترال اپر، سوات کے بلائی علاقوں, اپر دیر اور شانگلہ میں شدید برف باری رہتی ہے جسکی وجہ سے سڑکوں کی بندش کا سامنا رہتا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں بھرپور منصوبہ بندی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وسائل کی دستیابی بروقت یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے مستعدی سے کام کرتے ہوئے وسائل کا استعمال ایمانداری سے کریں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے ضلعی کنٹرول رومز فعال رکھنے اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سب سے زیادہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کو متاثر کررہے ہیں اور ایسے میں اداروں کو بھرپور منصوبہ بندی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں عوام اداروں کی طرف دیکھتے ہیں اور ایسے میں ایک بہترین منصوبہ بندی ہی اداروں کو بہتر کردار ادا کرنے میں مدد دیتی ہے۔