سوات(زما سوات ڈاٹ کام:30مارچ2018)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ سوات کے صحافی عوامی مسائل اُجاگر کرنے کے لئے جو کردار ادا کررہے ہیں وہ لائق تحسین ہے ، سوات کشیدگی کے دوران اور بعد ازاں قیام امن کے لئے سوات کے صحافیوں کی قربانیاں بے مثال ہیں جس کی پوری دنیا معترف ہے، سوات پریس کلب کے صحافی یہاں درپیش مسائل حل کرنے کے لئے انتظامیہ سے تعاؤن جاری رکھیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات پریس کلب کا دورہ کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،پریس کلب پہنچنے پر چیئر مین شہزاد عالم نے دیگر صحافیوں کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کرنے کے بعد ان کو پریس کلب کادورہ کرایا اور انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا، کمشنر ملاکنڈ کے ہمراہ نئے تعینات ہونے والے ڈی سی سوات شاہد محمود اور اے سی شہاب محمد خان بھی موجود تھے ۔کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ صحافی معاشرے کے کان اور آنکھ ہوتے ہیں جو کسی بھی قسم کے مسائل کی بروقت نشان دہی کے لئے کردار ادا کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خود بھی جرنلزم کر چکا ہوں اور اپنے تجربے کی بنیاد پر اس بات سے خوشی ہورہی ہے کہ سوات کے صحافیوں کا کردا ر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالے سے مثالی ہے ، انہوں نے کہا کہ سوات کی عوام کو درپیش مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اس حوالے سے مختلف اقدامات کے ذریعے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ رمضان سے پہلے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات ابھی سے اُٹھارہے ہیں اس کے علاوہ کانجو فلائی اوور کی تعمیر اور بیوٹیفیکیشن پلان میں تاریخی ودودیہ ہال کی تزئین وآرائش کے حوالے سے لوگوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اس ہال کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے کی پوری پوری کوشش کی جائے گی، اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کی تجاویز پر مختلف امور کی انجام دہی اور سوات پریس کلب میں بعض تعمیراتی امور اور مسائل حل کرنے کے علاوہ صحافیوں کی خواہش پر تفریحی دورے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر سوات پریس کلب کے چیئر مین شہزاد عالم اور جنرل سیکرٹری فضل خالق خان نے کمشنر ملاکنڈ سید ظہیر الاسلام کو اور یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان نے ڈی سی سوات شاہد محمود کو روایتی چادر اور پکول کا تحفہ پیش کیا۔
اشتہار