سوات: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے گُڈ گورننس روڈ میپ کے تحت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد نے ضلع سوات کی مختلف تحصیلوں چارباغ، خوازہ خیلہ، بحرین اور مٹہ میں قائم سروس ڈیلیوری سنٹرز، تحصیل کمپلیکسز اور پولیس اسٹیشن چارباغ کا دورہ کیا۔
دورے کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی سرکاری سہولیات کا جائزہ لینا اور سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو سہولیات، انتظامی امور اور درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے مختلف مراکز میں کاؤنٹرز، ریکارڈ، عملے کی حاضری، صفائی کی صورتحال، سی سی ٹی وی کی فعالیت، شکایات کے اندراج اور زیر التواء درخواستوں کا جائزہ لیا اور سائلین سے براہِ راست بات چیت بھی کی۔ تحصیل چارباغ میں ایک شہری کی شکایت پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو تین دن کے اندر شفاف اور غیر جانبدار انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات میں غفلت اور ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے پولیس اسٹیشن چارباغ کا بھی دورہ کیا جہاں پولیس ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ قبرستان سے متعلق ایک معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر چارباغ کو فوری طور پر کمیٹی تشکیل دے کر میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
تحصیل خوازہ خیلہ اور بحرین کے دورے کے دوران کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے عوامی آگاہی، تعلیمی اداروں میں اخلاقیات، ٹریفک آگاہی، فرسٹ ایڈ، جنگلات کے تحفظ، سیاحتی سہولیات، ہوٹل ویسٹ مینجمنٹ اور دریائے سوات کے تحفظ سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر بحرین میں سروس ڈیلیوری سنٹر کے احاطے میں پودا بھی لگایا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد نے کہا کہ تمام سروس ڈیلیوری سنٹرز اور تحصیل کمپلیکسز کو شفاف، جوابدہ اور عوام دوست انداز میں فعال رکھا جائے گا اور گُڈ گورننس کے اہداف کے حصول کے لیے نگرانی اور بہتری کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔
دورے کے اختتام پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تحصیل کمپلیکس مٹہ کا بھی دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر مٹہ محمد ادریس خان نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔