سوات (زما سوات ڈاٹ کام) دنیا میں کورونا وباء پھیلنے کے بعد سوات کے سیدو شریف ہسپتال میں پہلا مشتبہ کیس جنوری کے مہینے میں سامنے آیا جس کے بعد محکمہ صحت سوات نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ھنگامی طورپر اقدامات شروع کیں۔سیدو شریف اسپتال ملاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا اسپتال ہے جہاں پر پہلا کیس آنے کے بعد SDU (سٹپس ڈاؤن یونٹ) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ SDU یونٹ میں ابتدائی طور پر 25 بیڈز لگائے گئے ہیں اور اس یونٹ میں ونٹی لیٹرز کے ساتھ ساتھ نیبولائزر اور آکسیجن بھی موجود ہے۔ SDU یعنی سٹپس ڈاؤن یونٹ میں کورونا سے متاثرہ ان مریضوں کو رکھا جاتا ہے جن کی حالت تشویشناک ہو۔اس کے ساتھ سیدو شریف اسپتال میں 50 بیڈ کا کورونا ائسولیشن وارڈ بھی بنایا گیا ہے۔ اس وارڈ میں آنے والے کورونا کے مشتبہ مریضوں کو 14 دن تک رکھا جاتا ہے۔ایسے مریضوں کو ICU کی ضرورت نہیں ہوتی، اس وارڈ میں داخل مریضوں سے نمونے حاصل کرکے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور لیب بھیج دیا جاتا ہے۔
کورونا ٹیسٹ کا طریقہ کار
اس کو ریئل ٹائم پی سی ار ٹیسٹ کہا جاتا ہے جس میں مریض کے منہ اور ناک کے ایک خاص حصے سے نمونے حاصل کئےجاتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ایک مخصوص سیکیور ٹیوب میں نمونے کو ڈال کر اچھی طرح سے سیل کرکے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور بجھوا دیا جاتا ہے۔ یونیورسٹی کے لیب میں ایک مخصوص ٹائم میں ٹیسٹ رزلٹ آجاتا ہے۔ اس رپورٹ کو متعلقہ ہسپتال بذریعہ ای میل بجھوا دیا جاتا ہے اور یہ ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعدمریض کے آئندہ علاج یا چھٹی کرنے کا فیصلہ ہوتا ہے۔