اسلام آباد(ویب ڈیسک)چین میں پھیلنے والے پراسرار وائس کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے تاہم اس موذی وائرس کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ چین کے صوبے ہوبئی کے وسطی شہر ووہان سے شروع ہونے والے نئے قسم کے وائرس نے صوبے کے 10 شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 کے قریب پہنچ چکی ہے۔
ووہان شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہر میں ٹرین اور ائیرپورٹ بند کر دیئے گئے ہیں، سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں لیکن پبلک مقامات پر آنے والے افراد کے لیے ماسک کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ووہان کے قریبی شہروں کو بھی جمعے کی صبح سے سیل کر دیا ہے لیکن حکام کی جانب سے احتیاطی تدابیر پورے ملک میں اختیار کی جا رہی ہیں۔ دارالحکومت بیجنگ میں بھی چین کے نئے سال کی مناسبت سے اہم ثقافتی پروگرامات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔