سوات (زما سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ (کٹ گاڑیوں) کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے فیصلے کے خلاف خوازہ خیلہ بار گین ایسوسی ایشن میدان میں آگیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شاکر علی نے کہا کہ
کٹ گاڑیوں سے نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے ہزاروں کنبوں کی روزی روٹی وابستہ ہے۔ یہاں کے غرباء نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر یہ گاڑیاں اس غرض سے خریدی ہیں کہ اس کے ذریعے محنت مزدوری کرکے دو وقت کی روزی کما سکے۔ حکومت ان غریب افراد سے منہ کا نوالہ چھیننے کی کوشش نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ سوات کے ہی چند منتخب نمائندگان کی طرف سے میڈیا پر کٹ گاڑیوں کے خلاف بیان بازی قابل افسوس ہے۔ سوات ایک پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں پر کسی قسم کی انڈسٹری موجود نہیں ہے یہاں کے منتخب نمائندگان بجائے غیر ذمہ دارانہ و عوام دشمن بیانات جاری کرنے کی بجائے اسمبلی فلور پر عوام کیلئے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بروز ھفتہ خوازہ خیلہ میں ڈیلرز اور بار گین ایسوسی ایشن کا ایک بڑا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔سید شاکر علی نے کہا کہ اگر ملاکنڈ ڈویژن میں کہیں بھی کٹ گاڑیوں کو ہاتھ لگایا گیا تو پورے ڈویژن میں اسی وقت احتجاجی مظاہرے کرینگے۔حکومت موجودہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی بجائے ڈویژن میں نئی گاڑیوں کی آمد روکنے کیلئے عملی اقدامات کرے اس سلسلے میں ھم بھرپور تعاون کرینگے۔