مٹہ (زما سوات): خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) مٹہ کیمپس کے طلبہ نے انٹرن شپ نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے مٹہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ انہیں انٹرن شپ فراہم نہ کرنے سے ان کا تعلیمی سفر متاثر ہو رہا ہے اور ان کی عملی تربیت میں خلل پڑ رہا ہے۔ طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔
احتجاج کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر مٹہ اور ڈی ایس پی مٹہ موقع پر پہنچے اور طلبہ سے مذاکرات کیے۔ انتظامیہ نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
مذاکرات کے بعد طلبہ نے احتجاج ختم کرتے ہوئے مٹہ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ تاہم، طلبہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔