سوات(زما سوات ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایم ولی خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں،حکومتی نمائندے پراپیگنڈے پھیلا رہے ہیں،حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہو چکی ہے،جلد ہی اس ناسور سے چھٹکارہ مل جائے گا۔ سوات میں مرحوم کاکی خان کے حجرے میں شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مرحوم ڈاکٹر محبوب الرحمن عرف کاکی خان کے فرزند نثار خان نے اے این پی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلی۔اس موقع پر پارٹی کے ضلعی و صوبائی قائدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں ایمل ولی خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود تسلیم کرلیا ہے کہ وہ حکومت چلانے کے قابل نہیں اور نا ہی انہیں حکومت میں لانے والوں میں ٹریننگ دی،ہر لحاظ سے ناکامی کا سامنا کرنے والی حکومت اب پی ڈی ایم کے خلاف پراپیگنڈہ کررہی ہے اور یہ افواہیں پھیلا رہی ہے کہ ہم میں اختلافات ہے لیکن وہ یہ سن لے کہ پی ڈی ایم پہلے بھی مضبوط تھی اور آج بھی اُسی طرح مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن ختم ہونے کو ہے اور جلد ہی اس ناسور سے چھٹکارہ حاصل ہوجائے گا۔عمران خان پاکستان پرپچھلے ڈھائی سال سے عذاب کی شکل میں مسلط ہے، سلیکٹڈ حکمرانوں نے پچھلے سات سال میں پختونخوا کو اور دو سال میں پورے پاکستان کو تباہی سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں پی ڈی ایم کے عظیم الشان جلسوں نے جعلی حکمرانوں پر لرزہ طاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم کے اندر نفاق پیدا کرنے کے لئے ہر سطح پر پراپیگنڈے کئے جارہے ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام اپوزیشن جماعتیں دس نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں ۔آخر میں پی ڈی ایم اسلام آباد کا رخ کرے گی اور وہاں سلیکٹڈ اور سلیکٹرز کا احتساب کر ے گی ۔عوامی نیشنل پارٹی کے کسی ایک رکن کے خلاف کرپشن کا کوئی ایک الزام ثابت کر کے دکھا دیں۔ملاکنڈ میں کٹ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کی آڑ میں لوگوں کا روزگار چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔عوام باشعور ہیں اور جانتے ہیں کہ قیمتی لکڑی کے جنگلوں پر کون اور کیوں پابندیاں لگاکر قبضے کررہے ہیں ۔وزیراعلی، صوبائی وزرا اور وفاقی وزرا کا آبائی حلقہ ہونے کے باوجود سوات کے عوام کرب سے گزر رہے ہیں۔سلیکٹرز جعلی حکمرانوں کی پشت سے ہٹ جائیں تو یہ یونین کونسل جیتنے کے لائق بھی نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نثار خان کی پارٹی میں دوبارہ واپسی نیک شگون ہے،ہمارے آباو واجداد نے جس طرح پارٹی کو فعال رکھنے میں کردار ادا کیا ہم بھی اُسی جذبے سے آگے بڑھیں گے