سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ٹیپو شہیدسکول اینڈکالج گل جبہ کبل کے25سال مکمل ہوگئے۔اس موقع پر ٹیپو شہیدسکول اینڈکالج میں رنگارنگ تقریبات کا انعقادکیاگیا۔اس حوالے سے جمعہ کے دن مشاعرہ اور ہفتہ کے دن نمائش کا انعقاد کیاگیا۔نمائش میں بچوں نے مختلف ماڈلز، تجربات اور فن پارے پیش کئے۔نمائش میں بچوں اور والدین نے بہت دلچسپی دکھائی۔اتوار کے دن سلور جوبلی کا بڑاپروگرام منعقد کیاگیا جس میں ٹیپو شہید کالج کے ڈاکٹرز، انجنئیرز اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔پروگرام میں کالج کے موجودہ اور سابقہ طلبہ کے علاوہ بڑی تعداد میں والدین، شعبہئ تعلیم سے وابستہ افراد،ڈاکٹرز، وکلاء،پروفیسرز،انجنئیرز اور دیگرافراد نے شرکت کی۔اس موقع پر اسماعیل خان پرنسپل ہائیرسیکنڈری سکول اوڈیگرام نے بطور مہمان خصوصی اور ریٹائرڈ پروفیسرمیاں نورنواب نے بطور صدرِ پروگرام شرکت کی۔
مہمان خصوصی اور صدرِ محفل نے اپنی تقاریرمیں تعلیم کی اہمیت پر بحث کی اور نئی نسل کو اپنا مستقبل سنوارنے کا پیغام دیا۔ڈائریکٹرٹیپو شہیدسکول اینڈکالج نے اپنی تقریر میں ٹیپوشہیدسکول اینڈکالج کے قیام کے مقصد پر روشنی ڈالی۔انہوں نے معاشرتی بیماریوں میں بحیثیت قوم ہرایک کے ملوث ہونے پر بھی بات کی۔انہوں نے کہاکہ ہماری کامیابی دنیاکے ساتھ ساتھ دین کو تھام کر چلنے سے ہی ہوگی۔اگر ہم چیلنجز کو قبول کرکے آگے بڑھیں گے اور روحانیت کو ساتھ لیکر چلیں گے
تو دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل ہوگی۔آج ہماری نئی نسل کو ایک یلغار کاسامنا ہے۔ جو اس کو بے راہ روی کی طرف دھکیل رہاہے۔سوشل میڈیاکے نام پر اسکو دین سے دور لے جایاجارہاہے۔اس کیلئے ہم نے،والدین نے، طلبہ نے اور اس معاشرہ نے مل کر چلنا ہوگا۔تاکہ پاکستانی قوم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگایاجائے۔پروگرام میں شریک مہمانوں نے اپنے تاثرات میں ٹیپو شہیدسکول اینڈکالج کی خدمات کو بہت سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔