سوات(زما سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے علاقہ گنبد میرہ کے پینے کے پانی کا مسئلہ تاحال حل نہ ہوسکا، بار بار کے احتجاج اور میڈیا پر فریاد و چیخ وپکار کے باوجود اہل علاقہ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ چند ماہ قبل اہل علاقہ کی طرف سے احتجاج اور دھرنا دیا گیا تھا جس کے بعد حلقہ کے ایم پی اے نے گنبد میرہ کیلئے ٹیوب ویل کی منظوری دی اور محکمہ واسا نے ٹیوب ویل بنانے کا ٹھیکہ قریبا تین ماہ پہلے پشاور کے ایک ٹھیکیدار کو دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار نے ایک اور ٹھیکیدار کو مذکورہ ٹیوب ویل کا ٹھیکہ دیا اور دوسرے ٹھیکیدار نے اب تیسرے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا ہے۔
ٹیوب ویل پر کام کرنے والے موجودہ ٹھیکیدار کے مطابق “بورنگ” کا کام مکمل ہوچکا ہے مگر ان کو کام کے پیسے نہیں ملے ہیں جس کی وجہ سے ٹیوب ویل کا کام سست روی کا شکار ہے۔
اہل علاقہ نے ایک بار پھر ذمہ داروں سے جلد از جلد ٹیوب ویل کا کام مکمل کرنے اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگر مزید تاخیر کی گئی تو اہل علاقہ مقامی ایم پی اے کے گھر کا گھیراؤ تب تک کرینگے جب تک ان کے علاقہ کو پانی نہیں دیا جائے۔