پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 892ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے

فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

 

ملک میں کورونا وائرس کی آج کی صورتحال
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر7  ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں پنجاب میں ایک، بلوچستان میں ایک، خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ آج بروز منگل ملک میں کورونا وائرس کے اب تک 8 نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں پنجاب سے 3 اور سندھ سے 5  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ پنجاب سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال کرگیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 249 ہوگئی ہے جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 887 تک جا پہنچی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر کے ذریعے اعداد و شمار بتائے جس کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 176، لاہور  51، گجرات 5، گوجرانوالہ 6، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2، فیصل آباد 1، منڈی بہاالدین 1، رحیم یار خان 1 اور سرگودھا کا ایک کیس شامل ہے۔

 

سندھ
سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سرکاری پورٹل پر سندھ میں کورونا وائرس کے 5 کیسز میں اضافہ بتایا جارہا ہے جب کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے بھی صوبے میں 392 کیسز کی تصدیق کی ہے تاہم صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کیسز میں اضافے کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ سندھ میں اب تک کورونا سے 4 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض انتقال کرچکا ہے
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز مزید 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 38 ہوگئی۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 16، پشاور میں 10، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
بلوچستان
گزشتہ روز بلوچستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت ہوئی جہاں کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج 66 سالہ مریض انتقال کرگیا۔ گزشتہ روز صوبے میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہوگئی۔

 

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بھی گزشتہ روز مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ محمد حفیظ کے مشیر برائے اطلاعات شمس میر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سامنے آنے والے 9 مریضوں کا تعلق ضلع نگر سے ہے اور نئے مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں کورونا وائرس کے 80 مریضوں میں سے 25 کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں جبکہ متاثرہ افراد کو قرنطینہ سے آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

 

اسلام آباد
سرکاری پورٹل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کے روز مزید 4 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی اور مجموعی تعداد 15 بتائی گئی جو تاحال اپنی جگہ برقرار ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔
ملک بھر میں لاک ڈاؤن
کورونا سے بچاؤکے لیے پورا پاکستان بند ہے، بلوچستان میں بھی آج دوپہر 12 بجے سے 7 اپریل تک لاک ڈاؤن پر عملدرآمد ہوگیا ہے جب کہ سندھ ،پنجاب،گلگت بلتستان لاک ڈاؤن اور خیبر پختونخوا پہلے ہی شٹ ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی آج سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

 

آج سے تمام مسافر ٹرینیں بند ہونے کا امکان
وزارت ریلوے نے بھی ابتدائی طور پر 44 ٹرینیں بند کرنے کے بعد ملک بھر میں پسنجر ٹرینوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا اور نوٹیفکیشن جاری کیا جسے چند منٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہےکہ ریلوے کی جانب سے آج ہی ٹرین آپریشن معطل کردیا جائے گا۔
کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت
خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔ محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

 

چین سے دنیا میں پھیلنے والا ’کورونا وائرس‘ اصل میں ہے کیا؟
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔ یہ وائرس عام طور پر جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ بلیوں کی ایک خاص نسل Civet Cats جسے اردو میں مشک بلاؤ اور گربہ زباد وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ مرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک خاص نسل کے اونٹ سے انسانوں میں منتقل ہوا۔

 

اس کی علامات کیا ہیں؟
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔ اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
ماہرین صحت کی ہدایات
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری انفلوئنزا یا فلو جیسی ہی ہے اور اس سے ابھی تک اموات کافی حد تک کم ہیں۔ ماہرین کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے چاہئیں اور ماسک کا استعمال کرنا چاہیئے اور بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کرنی چاہیے۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More