ملک میں کورونا سے مزید 3 اموات، ہلاکتیں 68 ہوگئیں، مجموعی کیسز 4699 تک پہنچ گئے

کورونا سے ہونے والی 68 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں 22،22 جب کہ پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 202 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئیں۔ آج اب تک سندھ میں 86 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 55 کیسز، خیبرپختونخوا میں 60 کیسز 2 ہلاکتیں اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے آیا ہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4699 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 68 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں 22،22 جب کہ پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
آج کورونا کے کیسز کی صورتحال
آج بروز جمعہ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 202 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئیں۔ آج اب تک سندھ میں 86 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 55 کیسز، خیبرپختونخوا میں 60 کیسز 2 ہلاکتیں اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

سندھ
سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے نئے ٹیسٹ میں مزید 86 کورونا میں مبتلا افراد پائے گئے، اس حساب سے کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1214 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث ایک موت ہوئی جو میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، اس کے بعد کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کُل تعداد 22 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 358 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب
پنجاب میں آج کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2279 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق کی۔ عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 363، قصور 9، شیخوپرہ 3، راولپنڈی 64، نصیر آباد 8، جہلم 28، چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، نارووال 8، گجرات 99، حافظ آباد 12، منڈی بہاؤ الدین 8، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 27، چنیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، رحیم یار خان 22، سرگودھا 8، میانوالی 9، خوشاب 3، بہاول نگر 5، بہاول پور 5، لودھراں 3، ڈیرہ غازی خان 18 جب کہ لیہ، اٹک اور جھنگ میں ایک ایک کیس ہے۔ واضح رہےکہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 39 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 620 اور ہلاکتیں 22 ہوگئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان نے صوبے میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔ تیمور خان کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ خاتون اور مردان میں ایک 40 سالہ شخص کورونا سے انتقال کرگیا۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق کورونا کے 552 کیسز صوبائی سطح کے ہیں جب کہ 68 زائرین کورونا میں مبتلا ہیں۔ تیمور خان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 128 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج اب تک کورونا وائرس کے صرف ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 220 ہوگئی۔ ترجمان صوبائی حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ ٹیسٹ کی 188 رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے صرف ایک مثبت اور 187 منفی نتائج سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 220 ہے۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان کے محکمہ صحت نے صوبے میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 89 بتائی ہے جب کہ ترجمان نے 76 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں جمعرات کو کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں بھی جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی۔ وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلندری میں کورونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعرات کو 2 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 215 تک جا پہنچی ہے۔ گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 111 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔ خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
دنیا میں کتنی اقسام کے کورونا وائرس موجود ہیں؟
لفظ “کورونا”، وائرسز کے اس وسیع خاندان کے لیے استعمال ہوتا ہے جو پرندوں اور انسانوں سمیت ممالیہ کو متاثر کرتا ہے۔ دنیا کو اس وقت جس نئےکورونا وائرس کا سامنا ہے وہ “کووِڈ 19” کہلاتا ہے جو کہ پہلی مرتبہ دسمبر 2019 میں چین میں سامنے آیا.
کورونا وائرس جاندار نہیں لہٰذا اسے مارا نہیں جاسکتا
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جو عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے.

 

کورونا وائرس فیس ماسک پرکتنے دن رہ سکتا ہے؟
کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹ کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے.
14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے.
14 اپریل کے بعد دیکھیں گے کہ لاک ڈاؤن کیسے ختم کیاجائے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت کورونا کا اتنا پریشر نہیں ہے تاہم اپریل کے آخر تک اسپتالوں پر بہت دباؤ ہوگا، صوبے بتائیں گے کہ لاک ڈاؤن مرحلہ وار کیسے ختم کریں گے.

مسافر ٹرینیں بند
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا۔
پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع
حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔
’25 اپریل تک کوروناکے کیسز 70 ہزار اور ہلاکتیں 700 ہوسکتی ہیں‘
وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار تک ہو سکتی ہے اور خدشہ ہے کہ 700 افراد جان سے بھی جاسکتے ہیں۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ: حکومتی رپورٹ
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔
کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔

کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار
اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More