پرائیویٹ ہاسٹلز منیجمنٹ ایسوسی ایشن نے خصوصی پیکج اورریلیف کا مطالبہ کردیا

سوات(زما سوات ڈاٹ کام)  پرائیویٹ ہاسٹلز منیجمنٹ ایسوسی ایشن(پی ایچ ایم اے) نے حکومت سے خصوصی پیکج اور ریلیف کا مطالبہ کردیا،کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ہاسٹلز مالکان بھی شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں ،بلڈنگ کرایہ،یوٹیلٹی بلز اور دیگر اخراجات پوری کرنا درد سر بن گیا ہے، طلباء کی ہاسٹلز میں غیر موجودگی سے فیسوں کی ادائیگی نہیں ہو پا رہی ہے۔ اس حوالے سے سوات پرائیویٹ ہاسٹلز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر نیاز احمد خان،نائب صدرخالد خان،جنرل سیکرٹری ظہیرعباس ،پریس و انفاریشن سیکرٹری جلال زادہ  اور ہاسٹلز کے منیجنگ ڈاریکٹرزنے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا کے لوگوں اور معاشی ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے وہی دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ ہاسٹلز مالکان بھی شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت نے 31مئی تک تمام تعلیمی دارے بشمول ہاسٹلز بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث طلباء فیس دینے سے قاصر ہیں جبکہ ہاسٹلز مالکان کو بلڈنگ کے کرائے،یوٹیلٹی بلز ،سٹاف کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات پوری کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہاسٹلز طلباء کو تعلیمی سرگرمیاں بہتر طریقے سے انجام دینے کے لئے بہتر ین ماحول مہیا کرتے ہیں جبکہ حکومت کے شانہ بشانہ قو م کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں ،اگر نجی ہاسٹلز نہ ہوتے تو طلباءکے لئے سرکاری ہاسٹلز کا بندوبست کرنا حکومت کے لئے مشکل ہوجاتا۔صدر نیاز احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کے اعلان کے مطابق اپنے ہاسٹلز بند کردئے ہیں لیکن نہ تو حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی بلز معاف کئے گئے اور نا ہی بلڈنگ کے کرائے جبکہ سٹاف کی تنخواہیں بھی دینی پڑتی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر طبقہ سے منسلک لوگوں کو ریلیف فراہم کیا ہے ،ہمارا بھی حکومت وقت پر یہ حق بنتا ہے کہ وہ ہمارے لئے بھی خصوصی پیکج اور ریلیف کا اعلان کریں۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ نجی ہاسٹلز جہاں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے طلباء کے لئے آسانی پیدا کررہا ہے وہی یہ ہمارا ذریعہ معاش بھی ہے، اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں نجی ہاسٹلز کو نظر انداز نہ کیا جائے، ہماری مشکلات کو مدنظر رکھ کر ہمارے لئے خصوصی پیکج کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ ہماری مشکلات میں کمی آسکیں اور ہمارے ساتھ تنخواہوں پر کام کرنے والے ملازمین کے گھروں میں فاقے نہ پڑیں۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More