ملک میں آج کورونا سے مزید 9 اموات، ہلاکتیں 286 ہوگئیں، مجموعی کیسز 13700 سے تجاوز کرگئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 286 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13749 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 98 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 85 اور پنجاب سندھ میں 84 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 13، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ آج بروز پیر اب تک ملک بھر سے کورونا کے مزید 431 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 341 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب 80 کیسز 3 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 10 کیسز جب کہ بلوچستان سے 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔

سندھ
صوبے میں آج اب تک کورونا کے مزید 341 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔ سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 4956 ہوگئی اور اموات 85 تک جا پہنچی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کورونا کے 3946 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 24 کی حالت خراب ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 53 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔
پنجاب
پنجاب سے آج کورونا کے مزید 80 مریض سامنے آئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 5526 اور ہلاکتیں 84 ہوگئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1923 تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2749 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1183 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا سے مزید 2 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے اور اس طرح صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 13 ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 781 ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں اتوار کو مزید 5 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 98 ہوگئی۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 4 اور سوات میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ گزشتہ روز صوبے میں مزید 71 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز 1864 ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 515 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 318 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز میں سے 6 گلگت، 3 استور اور ایک دیامیر میں رپورٹ ہوا جبکہ مزید 3 افراد صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 219 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں اتوار کے روز مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 59 ہوگئی۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More