جماعت اسلامی کی جانب سے 11 جون کو دھرنے کا اعلان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام)جماعت اسلامی نے 11جون کوحکومتی توجہ اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کی طرف مبذول کرانے اور موجودہ صورتحال میں جنم لینے والے عوامی مسائل کے حل کیلئے مینگورہ میں دھرنا دینے اور پرامن احتجاج کرنے کا اعلان کردیا،پٹرول اورآٹے کی بلیک مارکٹنگ اور بڑھتے ہوئے نرخوں کانوٹس لینے کا بھی مطالبہ کردیا،مہم میں عوام سے بھر پوراندازمیں شرکت کی اپیل بھی کی،اس حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیروسابق ایم پی اے محمد امین نے دیگر عہدیداروں وذمہ داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جس طرح مقامی لوگوں کیلئے مسائل پیدا ہوئے ہیں اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی مشکلات نے سراٹھاکر ان کی زندگی مشکل بنا دی ہے،اس وقت ملک سے باہر موجود پاکستانی شدید مشکلات اور کرب سے دوچار ہیں جس کے باعث ان میں سے بیشتر مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے جبکہ بہت سے افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں جن کی میتیں لانے کیلئے تاحال کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے،ہمارے حکمرانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا ذرہ بھر احساس نہیں جبکہ وہ لوگ اپنی مددآپ کے تحت اگر ملک آنا چاہئے تو ایک طرف ان سے ٹکٹ کیلئے من مانے نرخ وصول کئے جاتے ہیں اور دوسری طرف وہاں پر پڑے جاں بحق افراد کو لانے کیلئے کوئی انتظام موجود نہیں اس حوالے سے سفارخانوں کی کارکردگی بالکل صفر ہے جو نہ کسی کو صحیح معلوم مات فراہم کرتے اور نہ ہی کسی کی مددکرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی مسلسل غفلت اور لاپرواہی کے سبب اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات بیان سے باہر ہے تاہم جماعت اسلامی انہیں مشکل کی اس گھڑی میں ہرگزتنہا نہیں چھوڑے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن مدداور اقدام اٹھائے گی،انہوں نے کہاکہ ایک قابل افسوس امر یہ بھی ہے کہ پٹرول اور آٹے کا نہ صرف بحران پیداہوا ہے بلکہ اس کی بلیک مارکٹنگ بھی جاری ہے،عام پمپوں میں پٹرول نہیں مگر ایم این اے کے پمپ میں پٹرول بھی موجود ہے اور اس کی من مانے نرخوں پر فروخت بھی جاری ہے،پٹرول سستا کرنے کا اگر مقصد اس کی قلت پیدا کرنا تھا تو یہ عوام کو ہرگزمنظور نہیں لہٰذہ حکومت پمپوں کو وافر مقدارمیں پٹرول فراہم کرکے لوگوں کو پٹرول کیلئے مزید خوار ہونے کا سلسلہ بند کرے،اسی طرح آٹے کا بحران پیدا ہونے سے قبل ہی ایک موثر لائحہ عمل کے تحت مارکیٹ میں آٹے کی موجود گی یقینی بنائے،انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناقص پالیسی اور غفلت کے سبب کرونا تشویشناک حد تک پھیل چکاہے جس کی وجہ سے نہ صرف دیگر سنگین مسائل پیدا ہوئے بلکہ تعلیمی سلسلہ بھی رک گیا ہے جس سے بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہورہاہے،انہوں نے کہاکہ اس وقت اووسیز پاکستانی اورپوری قوم مشکل اورکٹھن مراحل سے گزررہے ہیں مگرہمارے حکمران خواب غفلت کی نیند سو رہے ہیں جنہیں جگانے کیلئے جماعت اسلامی نے 11جون کو تحریک چلانے کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت مذکورہ تاریخ کو صبح دس بجے نشاط چوک مینگورہ میں اس تحریک کا آغاز کیا جائے گا،پرامن احتجاج کریں اوردھرنا دیں گے جس میں ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا جائے گاانہوں نے عوام سے بھی اس تحریک میں حصہ لینے کی اپیل کی،اس موقع پر حافظ اسراراحمد،فضل واحد،خورشید علی،حاجی رحمت علی،شوکت علی اورجماعت اسلامی وجے آئی یوتھ کے دیگر عہدیداران وذمہ داران بھی موجودتھے۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More