خرد برد اور کرپشن کرنے والوں کو نیب کے حوالے کیا جائے گا، شوکت یوسفزئی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام)صوبائی وزیر محنت وثقافت شوکت علی یوسفزئی نے شانگلہ میں ترقیاتی کاموں اورسکیموں میں خردبرد اورکرپشن کرنے والوں کو نیب کے حوالے کرنے کا عندیہ دے دیا،ترقیاتی سکیموں میں خردبرد کرنے اورکاغذی سکیموں کی چھان بین کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم اوراصل حقائق معلوم کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کردی ہے جس محکمہ اور اورٹھیکیدار پر کرپشن ثابت ہوئی تو ان سے پائی پائی وصول کرکے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے،شانگلہ کی ترقی میں رکاؤٹ کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،اب عوام خود ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی نگرانی کرے گی،ماضی میں ترقیاتی کاموں میں بری طرح نظر اندازہونے والے ضلع شانگلہ کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا پختہ عزم کررکھاہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سوات پریس کلب میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ شانگلہ ایک پسماندہ ضلع ہے جسے ہردورمیں نظر اندازکیاگیا ہے جس کے سبب وہاں کے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا،وہاں نہ کوئی روز گار ہے اور نہ ہی روزگار کے مواقعے موجود ہیں،انہوں نے کہاکہ 88سکول جوکافی عرصہ سے بدحال پڑے تھے ان کی تعمیر ومرمت کیلئے کروڑوں روپے ریلیز کردئے ہیں،اسی طرح سڑکوں کی ازسرنو تعمیر ومرمت اور عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کئی سکیمیں شروع کردی گئی ہیں جن کی باقاعدہ منظوری لی گئی ہے،ان منصوبوں میں کسی قسم کی کرپشن اوریا ناقص میٹریل کا استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ جو بھی محکمہ یا ٹھیکیدارکرپشن میں ملوث پایا گیا انہیں نیب کے حوالے کیا جائے گا اور ان سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی،انہوں نے کہاکہ شانگلہ میں کئی سکیموں کیلئے ادائیگی ہونے کے باوجود بھی وہاں کام شروع نہیں ہوا تھا جس کے حوالے سے باقاعدہ انکوائری مقررکردی ہے تاکہ ٹینڈر اور دیگر ضروری معلومات سامنے آسکیں اور کام کی راہ میں موجود رکاؤٹ کو دور کرنے سمیت ملوث عناصر کو بھی بے نقاب کیا جاسکے،انہوں نے کہاکہ شانگلہ سے تعلق رکھنے والے بیشتر محنت کش دیگر علاقوں میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں اور ان مزدوروں کی تاحال رجسٹریشن نہیں ہوئی ہے،وقتاََ فوقتاََ یہ مزدور جان لیوا حادثات کا شکار ہورہے ہیں،شانگلہ میں سیاحت کے شعبے کو فروغ ملنے سے ان مزدوروں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقعے میسر آئیں گے جس سے ان کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے گی،انہوں نے کہاکہ پٹرول مافیا کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس مافیا نے لوگوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے،پٹرول کی وافر مقدارمیں فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں یہ مسئلہ جلد ازجلد حل ہوجائے گا،انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور انہیں درپیش مسائل کا حل اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہے ہیں۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More