سوات میں “انصاف سستا بازار” ناکام ہوگیا

سوات کے مرکزی شہرمینگورہ میں قائم انصاف سستا بازار مکمل طور پر ناکام ہوگیا، بازار میں کل چار سٹالز لگائے گئے ہیں جس میں باسی سبزی و فروٹ مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) گزشتہ روز صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں مینگورہ شہر میں انصاف سستا بازار کا افتتاح کیا گیا لیکن بازار دو دنوں کے اندر ہی ناکام ہوگیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بازار میں کل چار سٹالز لگائے گئے ہیں جس میں ایک سٹال میں گوشت، ایک میں سبزی و فروٹ، ایک سٹال میں آٹا اور ایک سٹال میں گھی فروخت کیا جا رہا ہے۔
سماجی شخصیت سپین خان نے بتایا کہ سستا بازار میں باسی اور سڑی ہوئی سبزی و فروٹ بازار سے مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں ”ایک سٹال میں گندے ٹماٹر رکھے گئے ہیں جو 50روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں جبکہ بازار میں موجود پھل عام بازار سے مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں“۔
مینگورہ کا سستا بازار انتہائی نا مناسب جگہ پر قائم کیا گیا ہے جسے ڈھوندتے ڈھونڈتے لوگ تھک جاتے ہیں، ٹی ایم اے پلازہ کے پہلی منزل کے آخر میں سستا بازار قائم ہے جس کا زیادہ تر لوگوں کو علم تک نہیں، مینگورہ کے مقامی رہائشی عبداللہ نے بتایا کہ وہ سستے اشیائے خوردنوش کی تلاش میں دو گھنٹے تک سستا بازار کو ڈھونڈتا رہا جب وہاں پر پہنچا تو باسی سبزی اور گندے ٹماٹروں کو دیکھ کر واپس ہوگیا۔
صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے صوبے بھر میں سستے بازاروں کا اعلان کیا تھا لیکن ضلع سوات میں صرف ایک سستے بازار کا افتتاح کیا گیا اور وہ بھی ناکام ہوگیا۔
لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت اور انتظامیہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہیں،حکومت کو چاہئے کہ حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم کریں۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More