سوات پریس کلب تنازعہ کیس کی سماعت، وکیل کی عدم حاضری پر عدالت کی برہمی

عدالت نے کیس کی دوبارہ سماعت 24جون تک ملتوی کردی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )سوات پریس کلب تنازع کیس کی سماعت،پیشی کے دوران مخالف فریق کے وکیل کی عدم حاضر ی پرعدالت نے  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مخالف فریق سے استفسار کیا کہ آپ کے وکیل کیوں پیش نہیں ہوئے؟عدالت عالیہ کی ہدایت پر مخالف گروپ کے وکیل نے  پیش ہوکر 24 جون تک کا وقت مانگ لیا جس پر عدالت نے 24 جون تک سماعت ملتوی کردی ۔

  سوات پریس کلب تنازع کیس کی سماعت پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ میں ہوئی۔ڈویژن  بنچ کے  جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نےکیس کی سماعت کی ۔  کارکن صحافیوں کی جانب سے بیرسٹر اسد الرحمٰن نے پیش ہوکر دلائل دئے ۔جسٹس اشتیاق ابراہیم  نے مخالف فریق غلام فاروق وغیرہ سے استفسار کیا  کہ آپ لوگوں کے وکیل کہاں ہیں؟ مخالف فریق کے حاضر افراد نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے وکیل کو ابھی تک نوٹس نہیں ملا ہے ۔ جس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم  نے ریمارکس دئے کہ پھرآپ لوگ کیسے آئے ہیں؟اُنہوں نے کہا کہ ہمیں نوٹس ملا تھا۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے  ریمارکس دئے کہ اگر آپ لوگوں کو نوٹس ملا توآپ لوگوں کو اپنے وکیل کو آگاہ کرنا چاہئے تھا کہ وہ بھی عدالت میں حاضر ہوتے ۔عدالت نے  مخالف فریق کے وکیل اورنگزیب سے عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیکر سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی ۔

مخالف فریق کے وکیل پیش ہوئے تو عدالت نے ریمارکس دئے  کہ آپ کو کارکن صحافیوں کے مذکورہ کیس میں فریق بننے پر تو کوئی اعتراض نہیں ؟اس پر وکیل اورنگزیب نے کہاکہ مذکورہ کیس تو پریس کلب کی سیلنگ اور ڈی سیلنگ کے حوالے سے ہے ۔

اس پر کارکن صحافیوں کے وکیل بیرسٹر اسد حمید الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ سوات پریس کلب کو میرے موکلین کی درخواست پر سیل کردیا گیا تھا کیونکہ پریس کلب پر مخصوص ٹولہ قابض ہے ۔جس کی وجہ سے کارکن صحافیوں کے حقوق پر اور عوام کی اظہار رائے پر قدغن لگاہوا ہے ۔اس لئے ہماری درخواست ہے کہ ہماری درخواست کو مذکورہ کیس میں قابل سماعت قراردے کرمکمل تحقیقات کی جائیں۔ عدالت عالیہ نے مخالف وکیل کو دلائل دینے کے لئے کہا جس پرمخالف وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے کیس کا مطالعہ نہیں کیا ہے جس پر عدالت نے کیس کی دوبارہ سماعت 24جون تک ملتوی کردی۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More