سوات ، موٹروے فیزٹو کو قیمتی زرعی اراضی پر تعمیر کرانے کے خلاف گرینڈ جرگہ کا تحریک چلانے کا اعلان

ہم موٹروے کی تعمیر اور ترقی کے خلاف نہیں لیکن کسی صورت زرعی زمینوں پر اس کی اجازت نہیں دیں گے۔بہت جلد لائحہ عمل طے کریں گے

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )سوات میں موٹروے فیزٹو کو قیمتی زرعی اراضی پر تعمیر کرانے کے خلاف گرینڈ جرگہ نے تحریک چلانے اعلان کردیا۔جرگہ نے حکومت سے موٹروے کا نقشہ تبدیل کرکے دریائے سوات پر تعمیر کامطالبہ کردیا،ہم موٹروے کی تعمیر اور ترقی کے خلاف نہیں لیکن کسی صورت زرعی زمینوں پر اس کی اجازت نہیں دیں گے۔بہت جلد لائحہ عمل طے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سابق ناظم اعلیٰ سوات محمد علی شاہ،ن لیگ کے ضلعی صدر قیموس خنا،پختونخوامیپ کے مختیارخان یوسفزئی اورخورشید کاکاجی،پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر امجدعلی،جماعت اسلامی کے نویداقبال،پی ٹی آئی کے محمد زیب خان،اے این پی کے عبدالوکیل،عمران علی،فتح اللہ خان،جماع ت اسلامی کے فدامحمد خان،فراز خان اوردیگر مقررین نے چارباغ میں گرینڈجرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سوات موٹروے کے فیزٹوکا اعلان کیا اور ہماری زرعی زمینوں پر سیکشن فور لگایا لیکن مالکان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جس پر ہم شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی بار حکومت اور انتظامیہ سے یہ مطالبہ کیا کہ موٹروے کو دریائے سوات کے کنارے تعمیر کیا جائے تاکہ ہماری زرعی زمینیں بھی محفوظ رہے اورسیلاب کے خطرات بھی کم ہوجائیں گے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے بھی اپنے وعدوں اوریقین دہانیوں کا پاس نہیں رکھا ہے اس لئے یہ گرینڈ جرگہ آج ایک بارپھر حکومت سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ سوات موٹروے کو زرعی اراضی اور آبادی کے بجائے دریائے سوات کے کنارے تعمیر کیا جائے بصورت دیگر ہم کسی صورت اس کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ غیر زرعی زمینوں کے مالکان کو بھی معقول اور مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے۔جرگہ نے اعلان کیا کہ اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو بہت جلد ہم ایک اور گرینڈ جرگہ طلب کرکے اس میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور پھر حالات کی تمام تر ذمے داری موجودہ حکمران پر عائدہوگی۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More