انسدادِ ڈینگی کے لئے پیشگی اقدامات میں تیزی، ضلعی محکموں کے لئے تربیتی نشست کا اہتمام

تربیتی نشست میں ضلعی محکموں اور انسدادِ ڈینگی مہم سے وابستہ آفیسرز و اہلکاروں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے انسدادِ ڈینگی کے لئے پیشگی اقدامات کے تحت ودودیہ ہائی سکول کے امتحانی حال میں ضلعی محکموں اور ڈینگی مہم سے وابستہ اہلکاروں کے لئے تربیت کا اہتمام کیا گیا۔ تربیتی نشست میں ضلعی محکموں اور انسدادِ ڈینگی مہم سے وابستہ آفیسرز و اہلکاروں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ فوکل پرسن برائے انسدادِ ڈینگی ڈاکٹر محمدعارف نے شرکاء کو پیشگی اقدامات، احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی سے متعلق ٹریننگ دی۔ شرکاء سے خطاب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم خان کا کہنا تھا کہ ڈینگی لاروا ایک مخصوص ماحول میں پرورش پاتا ہے، لاروے کی افزائش کو روکنے کے لئے ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے ہمارے ارد گرد ماحول میں لاروے کو افزائش کا موقع نہ ملے۔ ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام پیشگی اقدامات کے تحت آسانی سے کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاروا اگر ایک بار افزائش شروع کردے پھر اس کا تدارک مشکل ہو جاتا ہے اور ایسے میں یہ وائرس گھر اور باہر سب کو متاثر کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین حکمت عملی اور ہر سال تیاریوں کی وجہ سے پچھلے سال وائرس کو محدود کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور امسال کوشش ہے کہ ضلع سوات میں کوئی بھی شخص وائرس سے متاثر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ علاج و معالجے کی سہولیات بہتر بنائی گئی ہیں اور متاثر ہونے کی صورت میں ہسپتالوں میں مکمل انتظام موجود ہے مگر احتیاط ہمیشہ سے علاج سے بہتر حکمت عملی رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی لحاظ سے ادارے تیار ہیں مگر احتیاطی تدابیر اپنا کر اور پیشگی اقدامات کر کے نہ صرف عوام کی صحت محفوظ بنائی جاسکتی ہے بلکہ اضافی اخراجات پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عارف کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں اورباہرکھڑے پانی کاخاتمہ کرنا ہوگا، چھتوں، گلیوں، گملوں، ٹائروں اور دیگر ایسے مقامات جہاں پانی جمع ہونے کا امکان ہو خصوصی نظر رکھنی ہوگی۔ دیگر اقدامات میں دروازوں اور کھڑکیوں میں جالی کا استعمال اور اسپرے وغیرہ مچھروں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More