ملاکنڈ ڈویژن میں صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ اجلاس

ریجنل ڈائریکٹر ملاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر شوکت علی نے اجلاس کو صوبے میں خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن میں جاری صحت اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) ملاکنڈ ڈویژن میں صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ اجلاس میں سی ای او سیدو گروپ آف ہسپتال ڈاکٹر اسرار الحق، ایکسن میگا پراجیکٹس سوات انجینئر شہاب خان، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ شیر عالم خان، ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی اور ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹس نے شرکت کی۔ ریجنل ڈائریکٹر ملاکنڈ ڈویژن ڈاکٹر شوکت علی نے اجلاس کو صوبے میں خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن میں جاری صحت اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر اسرار الحق نے سیدو گروپ آف ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں میں پیشرفت پر اجلاس کو اگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ہسپتالوں کے ایم ایس نے اپنے اضلاع اور ہسپتالوں میں جاری اصلاحات، ترقیاتی کاموں اور مسائل سے اجلاس کو فرداً فرداً بریف کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صحت عامہ سے متعلق منصوبوں اور صحت اصلاحات میں پیشرفت کی کڑی نگرانی ضروری ہے اور اس ضمن میں اضلاع میں موجود ڈی ایچ اوز کا کردار نہایت اہم ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں میں بروقت پیشرفت کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں روزمرہ امور خصوصاً صفائی اور عملے کی حاضری یقینی بنانے پر زور دیا۔ ڈاکٹرز و دیگر عملے کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے خالی آسامیوں پر تعیناتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے انجام دہی میں معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام میں پیشرفت پر ہمہ وقت نظر رکھی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ہسپتالوں خصوصاً بنیادی مراکز صحت کو مالی خودمختاری ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے صحت عامہ کے کاموں میں بہتری ائے گی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وہ خود اضلاع کے دورے کریں گے اور ہسپتالوں کا جائزہ لیں گے اور سروس میں کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات ہوں یا سروس سب کا مقصد اور محور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور علاج ہونی چاہیے۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More