سوات،جواں سالہ محمد عمر کا قتل، لاش دریائے سوات سے برآمد

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ لاش کو ہزارہ کے مقام پر دریائے سوات سے برآمد کیا گی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )سوات کی تحصیل کبل میں جواں سالہ محمد عمر دوستی کی بھینٹ چڑھ گیا۔ دوست نے گولی مار کر لاش دریا برد کردی۔ محمد عمر تین دن سے لاپتہ تھا لاش ہزارہ کے مقام پر دریائے سوات سے برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے واردات میں ملوث دونوں قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد عمر ولد جمال شاہ سکنہ ٹانچکئی کبل کی گمشدگی کی رپورٹ اس کے ورثاء نے تھانہ کبل میں درج کرائی تھی۔ تین دن قبل محمد عمر افطاری کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا۔ ڈی ایس پی کبل حبیب شاہ، ایس ایچ او کبل نے خفیہ اہلکاروں کے ہمراہ جدید سائنسی بنیادوں پر باریک بینی سے واقعہ کی تفتیش شروع کی اور اصل ملزمان مسمی اسماعیل ولد یعقوب خان اور سہولت کار ریاض احمد ولد اسم خان ساکنان ڈھیرئی کانجو کو گرفتار کرلیا۔ ملزم اسماعیل نے پولیس کے روبرو اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ افطاری کے بعد وہ اپنے دوست محمد عمر کو موٹرسائیکل پر بٹھاکر اپنی بیٹھک لے گیا جہاں پر اس نے سہولت کار ریاض کے ہمراہ اس کو تیس بور پستول سے گولی مار کر قتل کردیا جبکہ ثبوت مٹانے کیلئے لاش کو دریائے سوات میں بہادیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ لاش کو ہزارہ کے مقام پر دریائے سوات سے برآمد کیا گیا۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More