اپر سوات کو ضلع بنانے کی بجائے سوات کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے،سیراج الحق
سوات(زما سوات ڈاٹ کام:29اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سیراج الحق نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک میں شامل کیا جائے،اپرسوات ضلع بنانے کی بجائے سوات کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے،حکومتیں گزر گئی مگر یہاں کے مسائل کسی نے حل نہیں کئے ،جماعت اسلامی اقتدار میں آتے ہی یہاں کے تمام مسائل حل کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں جماعت اسلامی ضلع سوات کے زیر اہتمام شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جلسہ سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان،ضلعی امیر محمد امین اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ضلع بھر سے ہزاروں لوگوں میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرلی،سیراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ گراسی گراؤنڈ کے اس جلسہ میں ہزاروں لوگوں کی شرکت سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ آئندہ دور جماعت اسلامی کا ہے اور لوگ جان گئے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہیں،انہوں نے کہا ملک پر چوروں اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے جنہوں نے ملکی خزانے کو بے تحاشہ نقصان پہنچایا،ملک کے اربوں روپے سوئس بینک میں پڑے ہیں،انہوں نے کہا کہ سوات میں ایم ایم اے کے دور میں جو کام ہوئے اس کے بعد کوئی بھی ترقیاتی نہیں کئے گئے،ہر کوئی سوات کی قربانیوں کی تعریف کر رہا ہے لیکن یہاں کے مسائل کا حل کسی کے پاس نہیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے اور انشاءاللہ اقتدار ملتے ہی ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں گے،انہوں نے کہا کہ سوات کو دو ضلعوں میں تقسیم کرنے کی بجائے ضرورت اس امر کی ہے کہ سوات کو ڈویژن کا درجہ دے کر یہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک میں شامل کیا جائے،سیراج الحق نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آتے ہی ملک میں خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا،تعلیم،علاج مفت فراہم کئے جائیں گے،بزرگوں اور ریٹائرڈ افراد کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جبکہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملنے تک وظیفے دئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،ہر ایک شخص اپنے گھر کا مالک ہوگا اور جس کے پاس اپنا گھر نہ ہو اُسے حکومت گھر مہیا کرے گی۔