تحصیل بحرین کے علاقے شنکو میں آسمانی بجلی گرنے سے 75 بھیڑیں ہلاک، غریب خاندان کا واحد ذریعہ معاش ختم

سوات: تحصیل بحرین کے دور افتادہ علاقے شنکو میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک غریب گھرانے کی 75 قیمتی بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا جب شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی مذکورہ خاندان کی چراگاہ پر گری۔
متاثرہ خاندان کا مکمل انحصار مال مویشی پر تھا، اور اس سانحے کے بعد ان کا واحد ذریعہ معاش ختم ہو چکا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والی بھیڑوں کی مالیت لاکھوں روپے تھی، جن کی تباہی سے خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے حکومتِ خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ سوات، اور فلاحی اداروں سے فوری مالی امداد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔
دوسری جانب مقامی افراد نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام متاثرہ خاندان کی جلد از جلد داد رسی کریں۔