جہانزیب کالج طلباء وطالبات کو داخلہ دیں ورنہ سڑکوں پر نکل آئیں گے،راحت علی خان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:07اکتوبر2017ء)ڈسٹرکٹ کونسل راحت علی خان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر آف کالجز دس دن کے اندر اندر گورنمنٹ جہانزیب پوسٹ کالج سیدوشریف میں بی اے،بی ایس سی اور ایم اے،ایم ایس سی کلاسز بحال کرکے خواہشمند طلبہ و و طالبات کو ان کلاسز میں داخلے دلائے بصورت دیگر مطالبات کے حق میں متاثرہ طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کے ہمراہ سڑکوں پرنکل آئیں گے،ان خیالات کا اظہار یونین کونسل گل کدہ کے ضلعی کونسلر راحت علی خان نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے بی اے،بی ایس سی اور ایم اے،ایم ایس سی سسٹم سال 2020 میں ختم کرکے کالجز اور یونیورسٹوں میں مکمل طور پر بی ایس و ایم ایس سسٹم رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن گورنمنٹ جہانزیب کالج سیدوشریف کی انتظامیہ نے سال رواں سے بی اے،بی ایس سی اور ایم اے،ایم ایس سی کلاسوں میں داخلے بند کردیئے ہیں جس کے باعث ایم اے،ایم ایس سی اور بی اے،بی ایس سی میں داخلے کے خواہشمند سینکڑوں غریب طلبہ و طالبات کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہوگیاہے جو تعلیمی ایمرجنسی کے حکومتی دعوے کی نفی ہے،انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کے مطابق جگہ کی کمی کے باعث بی اے،بی ایس سی اور ایم اے،ایم ایس سی کلاسز میں نئے داخلوں کا سلسلہ بند کیا گیا ہے، کالج انتظامیہ کا یہ موقف سراسر بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہے کیونکہ بی ایس کلاسز ایوننگ منعقد ہورہی ہیں اور صبح کے وقت کالج کے ایک بلاک میں کوئی تعلیمی سرگرمی نہیں ہوتی جبکہ جگہ کی کمی کا مسئلہ بھی عارضی ہے،انہوں نے ڈائریکٹر آف کالجز خیبر پختونخوااور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ جہانزیب پوسٹ کالج سیدوشریف میں بی اے،بی ایس سی اور ایم اے،ایم ایس سی کلاسز بحال کرکے سینکڑوں غریب طلبہ و طالبات کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا جائے۔