سوات انتظامیہ کی جانب سے 14 سال بعد کھلی کچہری کا انعقاد
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:31اکتوبر2017ء)خیبر پختونخوا حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق نے منگل کے روز ودودیہ ہال سیدوشریف میں کھلی کچہری منعقد کی،کھلی کچہری میں ضلع ناظم محمد علی شاہ ، ڈی پی او محمد اعجاز، اے ڈی سی سوات محمد طاہر کے علاوہ وفاقی ، صوبائی اور ضلعی محکمو ں اور ٹی ایم ایز کے اعلیٰ افسران موجود تھے، سوات کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے محکمہ پولیس ، صحت، تعلیم، سماجی بہبود، خوراک، مواصلات و تعمیرات ، پیسکو، سوئی گیس، بیت المال،لائیوسٹاک،زراعت، ٹی ایم ایز اور دیگر محکموں سے متعلق شکایات سے براہ راست ڈی سی سوات کو آگاہ کرنے کے علاوہ تحریری درخواستیں بھی پیش کیں، چار گھنٹے کے سیشن میں ڈی سی سوات نے’’30‘‘سے زائد محکموں کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ ہر شکایت کا تفصیلی جواب دیااور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شکایات کی وضاحت کی۔ڈی سی سوات نے افسران کو ہدایت کی کہ پانچ روز کے اندر اندر تمام شکایات کا تسلی بخش ازالہ کرکے رپورٹ ان کو پیش کی جائے اور جن شکایات اور مطالبات کا تعلق اعلیٰ حکام سے ہو انھیں وہ مسئلہ بھیجنا یقینی بنایا جائے،انھوں نے کہا کہ ضلع میں کر پٹ اور کام چور افسران کی کو ئی گنجائش نہیں، تمام محکموں کے افسران کو ایمانداری اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کرنا ہوگی،انھو ں نے کہا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں خصوصاً پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے اس دور میں کرپشن اور غفلت کی گنجائش نہیں،انھوں نے دودھ اور خوراک کی غیر معیاری اشیاء اور منشیات کی لعنت کے فوری خاتمہ کی ہدایت کی، اس موقع پر ضلع ناظم اور ڈی پی او سوات نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اے سی بابوزئی شہاب خان نے کھلی کچہری کے انتظامات کی میزبانی کی ، وکلاء ، صحافیوں، کالم نگاروں ، دانشوروں ، منتخب ناظمین اور عوام نے کھلی کچہری کے انعقاد پر صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کی اور مطالبہ کیا کہ یہ سلسلہ جاری رہناچاہیے جس پر ڈی سی سوات نے یقین دلایا کہ یہ سلسلہ ضرور جاری رکھا جائے گا اور تمام محکمے عوام کے خادم بن کر کام کریں گے۔