سوات: سیدو شریف روڈ پر شجرکاری منصوبہ ناکامی سے دوچار، حفاظتی جنگلے اتار دیے گئے، لاکھوں روپے کا نقصان—

سوات: سیدو شریف روڈ پر سرکاری شجرکاری منصوبہ انتظامی غفلت اور غیر مؤثر نگرانی کے باعث ناکامی کا شکار ہو گیا۔ بڑی تعداد میں لگائے گئے پودے خشک ہو چکے ہیں، جبکہ ان کی حفاظت کے لیے نصب کیے گئے جنگلے نشئی افراد کی جانب سے چوری کیے جانے کے بعد اتارنے شروع کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس شجرکاری مہم پر لاکھوں روپے خرچ کیے گئے، تاہم پودوں کی نگہداشت نہ ہونے اور حفاظت کے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کے باعث منصوبہ مکمل طور پر متاثر ہوا۔ عوامی حلقوں نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسی بجٹ کو قریبی بنجر پہاڑوں پر شجرکاری کے لیے استعمال کیا جاتا تو ماحول دوست اور دیرپا نتائج حاصل ہو سکتے تھے۔
عوامی مطالبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منصوبے پر ہونے والے اخراجات اور اس میں ہونے والی مبینہ غفلت کی تحقیقات کی جائیں تاکہ عوامی پیسوں کے ضیاع کا احتساب ممکن ہو۔
شہریوں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ آئندہ ایسی شجرکاری کے لیے ایسے پودے منتخب کیے جائیں جو نہایت محدود اونچائی کے ہوں، کم جگہ گھیرتے ہوں اور فٹ پاتھ یا بجلی کی لائنوں کو متاثر نہ کریں۔ ایسے ماحول دوست پودے نہ صرف سڑک کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے بلکہ کم پانی اور دیکھ بھال کے ساتھ دیرپا نتائج فراہم کریں گے۔
علاقہ مکینوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے کر مؤثر اور پائیدار شجرکاری کی نئی منصوبہ بندی کی جائے۔