سوات: ضلع بھر میں ڈرون اور ڈرون کیمرہ کے استعمال پر پابندی عائد، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

سوات (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات شہزاد محبوب نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت ضلع بھر میں کسی بھی فرد یا تنظیم کی جانب سے بغیر پائلٹ کے ڈرون یا کیمرے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی آئندہ 30 دنوں تک نافذ العمل رہے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ ملکی حالات، علاقائی دشمنیوں اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈرون کے ذریعے حملے کا خطرہ موجود ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسے میں نجی افراد یا اداروں کی جانب سے ڈرونز کی پرواز عوامی تحفظ کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مذکورہ پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔