سوات: مٹہ میں ٹرانسفارمر چوری کی وارداتوں میں اضافہ، وادی نوخارہ کا 100 کے وی ٹرانسفارمر چرا لیا گیا، علاقہ اندھیروں میں ڈوب گیا

سوات (نمائندہ خصوصی) تحصیل مٹہ میں ٹرانسفارمر چوری کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ تازہ ترین واقعہ وادی نوخارہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم چور رات کی تاریکی میں گاؤں کا 100 کے وی ٹرانسفارمر اتار کر اس کا قیمتی سامان چرا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
چوری کے اس واقعے کے بعد ہزاروں گھروں پر مشتمل علاقہ مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب گیا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق مسلسل وارداتوں کے باوجود پولیس اور ضلعی انتظامیہ ٹرانسفارمر چور گروہ کو پکڑنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی عوامی تحفظ کے حوالے سے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
علاقہ مکینوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر چوروں کو گرفتار نہ کیا گیا اور بجلی بحال نہ کی گئی تو عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹہ تحصیل میں ٹرانسفارمر چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے اور پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لے کر مؤثر کارروائی کی جائے۔