سوات میں سیاحوں کو بچانے والے نوجوانوں کے اعزاز میں عمرہ اور سول ایوارڈ کا اعلان

اسلام آباد (زما سوات) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات میں حالیہ واقعے کے دوران عارضی کشتی کے ذریعے سیاحوں کو بچانے والے دو مقامی نوجوانوں محمد ہلال خان اور عصمت علی کی جرات اور انسانی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گورنر نے دونوں نوجوانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور اعلان کیا کہ وہ ذاتی خرچ پر انہیں عمرہ پر بھیجیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے دونوں نوجوانوں کو قومی سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
گورنر کنڈی کا کہنا تھا کہ ان نوجوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچائیں، جو ایک قابلِ فخر مثال ہے اور ان کی بہادری کو ریاستی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔
انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے چیئرمین کو ہدایت دی کہ سوات چیپٹر کی ایمرجنسی ریسپانس صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جائے۔ اس ضمن میں سوات میں موجود ایمبولینسز کے ساتھ ریسکیو کشتیوں کو منسلک کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ ممکنہ سیلاب یا کسی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد ممکن بنائی جا سکے۔
گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر تیاری اور وسائل کی دستیابی انتہائی ضروری ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے



