آج کی خبریںسوات کی خبریں

سوات میں غیر معیاری پاپڑ، چپس اور نمکو بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

سوات: صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیر صدارت غیر معیاری پاپڑ، چپس، نمکو اور ان میں استعمال ہونے والے مضر صحت اجزاء کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے شرکت کی، جبکہ سوات کے دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

اجلاس میں غیر معیاری اور مضر صحت پاپڑ، چپس اور نمکو بنانے والی فیکٹریوں اور کارخانوں کے معائنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی نے اب تک کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 06 فیکٹریاں سیل کر دی گئی ہیں اور متعدد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سوات کے احکامات

ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے متعلقہ محکموں کو صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی، جن میں درج ذیل نکات شامل ہیں:

• تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کے حکام مشترکہ کارروائیاں کریں اور غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں۔

• بھاری جرمانے عائد کیے جائیں، ناقص اشیاء تلف کی جائیں اور غیر معیاری فیکٹریوں اور یونٹس کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔

• عوام میں آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ بچوں کو مضر صحت خوراک سے بچایا جا سکے۔

• غیر رجسٹرڈ کارخانوں کی جلد از جلد رجسٹریشن یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ممکن ہو۔

Related Articles

Loading...
Back to top button