قندوز و کشمیر میں بربریت کیخلاف ایم ایم اے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:07مارچ2018)قندوز و کشمیر میں بربریت کیخلاف سوات میں ایم ایم اے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ، ریلی ، امریکہ بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی ، معصوم اور بے گناہ بچوں کی شہادت کو امریکی شکست قرار دیدیا تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے مرکزی صدر مولانا فضل الرحمن کی کال پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے نشاط چوک میں بھی سانحہ قندوز اور بھارتی فوجیوں کی کشمیر میں بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر امریکی و بھارت مخالف نعرے درج تھے اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے مقامی قائدین قاری محمود ، اسحاق زاہد ، مفتی شیر محمد ، الطا ف اللہ ،ڈاکٹر امجد ، حاجی یاسین ، قاری شمس الرحمن اور دیگر نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی کال پر آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور آج مینگورہ میں ہونے والا احتجاجی مظاہرہ بھی اس کی ایک کڑی ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے افغانستان کے مدرسے پر حملہ میں 101 حفاظ سمیت سیکڑوں افراد شہید ہوئے ہیں اور اس اندوہناک واقعہ پر اُمت مسلمہ اور مسلم ممالک کی خاموشی قابل افسوس ہے انہوں نے کہا کہ ہم ان قوتوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اُمت مسلمہ کو ہم بیدار کرینگے ان کو اس ظلم کا جواب ظلم میں ضرور ملے گا انہوں نے کہا کہ بھارتی درندہ صفت فوجیوں نے بھی کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں جس پر ہم خاموش ہیں انہوں نے کہاکہ ان باطل قوتوں کو شکست دینے کیلئے آئندہ الیکشن میں عوام ایم ایم اے کا ساتھ دیں تاکہ اس قسم کے واقعات کا راستہ روکا جا سکے مظاہرے کے اختتام پر احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جو مینگورہ کے مختلف بازاروں سے گزرااور نعرے لگا رہے تھے ۔