میاندم،میٹرک پاس طلباء پر تعلیم کے دروازے بند،اسکول کا انتظامیہ کا داخلہ دینے سے انکار
سوات (زما سوات ڈاٹ کام 08اگست 2017ء )سوات کے علاقے میاندم میں ہائر سیکنڈری اسکول کے قیام کے باوجود میٹرک پاس طلباء پر تعلیم کے دروازے بند کردئے گئے ،اسکول انتظامیہ نے طلباء کو داخلہ دینے سے انکار کردیا ،120نشستوں پر صرف10طلباء کو فرسٹ ائر میں داخلہ دیدیا گیا ہے ،ایم پی اے سیدجعفرشاہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ،سوات کی حسین وادی میاندم میں امسال ہائی اسکول کو ہائرسیکنڈری اسکول میں اپ گریڈ کرکے سبجیکٹ اسپشلسٹ تعینات کردئے گئے ہیں اور 120طلباء کو داخلہ دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے تاہم اسکول انتظامیہ کی جانب سے صرف 10طلباء کو داخلہ دے کر دیگر طلباء کو داخلہ دینے سے انکار کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے غریب والدین کے درجنوں بچے تعلیم سے محروم ہورہے ہیں ،ذرائع کے مطابق علاقے کے 35سے زائد بچوں نے داخلہ فارم جمع کرادئے ہیں اور روزوہ منت سماجت کرکے داخلہ کے لئے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انہیں مایوس لوٹنا پڑرہا ہے اس سلسلے میں جب علاقے کے ایم پی اے سیدجعفرشاہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی کو بچوں پر تعلیم کے دروازے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ اسکول کے قیام کا مقصد مقامی بچوں کو دہلیز پر تعلیمی سہولیات فراہم کرانا ہے انہوں نے کہاکہ علاقے کے ان بچوں کو تعلیمی بورڈ کے معیارپر پورے اترتے ہو فوری طور پر داخلہ دیا جائے بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا ،اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر محمد امین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ وہ اسکول کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیں گے اور کسی بچے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔