مینگورہ کی مین سڑک پر روڑہ ڈال کر عدم تعمیر سے عوام کا جینا مشکل
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 10 ستمبر 2019ء) سوات کی اہم شاہراہ مینگورہ امانکوٹ چوک سے سہراب خان چوک تک سڑک پر روڑہ ڈال کر ٹھیکدار غائب ہوگیا۔مسلسل ٹریفک کے باعث گرد وغبار سے تاجروں کا جینا محال ہوگیا۔جبکہ ٹریفک نظام بھی متاثر ہے۔ علاقہ تاجروں نے احتجاج کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق مینگورہ میں این ایچ اے کی جانب سے جی ٹی روڈ کے تعمیراتی کام کے دوران امانکوٹ چوک سے لیکر سہراب خان چوک تک روڈ کی تعمیر کی غرض سے ٹھیکدار نے کئی روز قبل سڑک پر روڑہ ڈال دیا اور غائب ہوگیا۔ جس سے روڈ پر گردوغبار اور دھول مٹی سے تاجروں کا جینا محال ہوگیا ہے اور لوگوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ٹھیکدار کی جانب سے پانی کا چھڑکاؤ بھی نہیں کیا جاتاجس کی وجہ سے تاجر اور عام لوگ بہت پریشان ہیں۔متعلقہ تاجروں نے تعمیراتی کام شروع کرنے پر احتجاج کی دھمکی دیدی۔