نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوز کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا
اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اڈیالہ جیل اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچے اور جیسے ہی ان کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، وہاں موجود نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار کرلیا جب کہ ان کے پاسپورٹ بھی ضبط کرلیے گئے۔
نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتاری کے بعد خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے اسلام آباد لے جایا گیا جہاں سے انہیں طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا جہاں پمز اسپتال سے آئے چار ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ان کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طورپر فٹ قرار دیتے ہوئے ان کی میڈیکل ہسٹری مرتب کرلی۔
طبی معائنے کے بعد نواز شریف کو ہائی سیکیورٹی زون کے کمرے میں رکھا گیا ہے جب کہ مریم نواز کو خواتین کی بیرکس میں منتقل کردیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف کو جیل میں بی کٹیگری چیف سیکریٹری کے حکم پر دی جائے گی تاہم یہ کیٹگری نواز شریف کی جانب سے درخواست دیے جانے پر ہی انہیں ملے گی۔ اس حوالے سے جیل حکام نے میاں نواز شریف کو بی کلاس کے حصول کے لیے ایس او پیز سے آگاہ کردیا۔