وکلاء عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،محمد سریر
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔27جولائی 2017ء )خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد سریر نے کہا ہے کہ وکلاء عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، یواین ڈی پی اور حجرہ کے تعاون سے فری قانونی امداد کی فراہمی سے سوات کے لوگوں کو ریلیف مل رہا ہے ، وکلاء برادری معاشرے کے کارساز ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے فری قانونی امداد کے حوالے سے مینگورہ میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حجرہ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر سلیم خان ، ارشد خان ، سید انعام الرحمان نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر دارالقضاء بار کے صدر شمشیر علی ایڈوکیٹ ، سوات بار کے صدر مجاہد فاروق ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ،مقررین نے کہا کہ فری قانونی امداد کے حوالے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اگر عوام قانونی امداد کے حوالے سے آگاہ ہوگئے تو پھر کسی بھی فرد کے ساتھ ظلم کرنے والا سزاسے نہیں بچ سکے گا ، تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی محمد سریرایڈوکیٹ ، شمشیر علی خان ، سلیم خان اور مجاہد فاروق نے شرکاء کو ایوارڈ دیئے ۔