پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کردیا ہے،محمود خان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔24جولائی 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کردیا ہے، اب عوام لٹیروں اور ڈاکوؤں کی صحیح پہچان کا ادراک رکھتے ہیں اور ان موقع پرست سیاسی شعبہ دہ بازوں کے چالوں میں آنے والے نہیں ہیں ۔ عمران خان کا کرپشن فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے ۔ عوام صوبائی حکومت کی بہترین عملی اقدامات سے مطمئن ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گل شاہ پیرودئی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے دیرینہ کارکنوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔ محمود خان نے کہا کہ اے این پی ، پی پی پی، مسلم لیگ (ن) اور اسلام کے ٹھیکیداروں کے پاس غریب عوام کے لئے کوئی پروگرام نہیں ۔ان تمام سیاسی جماعتوں نے کبھی بھی پارٹی منشور پر عمل نہیں کیا اور ان کا منشور صرف انتخابی نعروں اور وعدوں تک محدود ہے یہی وجہ ہے کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ڈیل کی سیاست کی اور آپس میں بھاریاں کرتے رہے مگر آنے والے دور میں بھاریوں کی سیاست کرنے والوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جنازہ نکلے گا ، انہو ں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکرتے ہوئے کہا کہ مٹہ میں گرلز ڈگری کالج کا قیام ، تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا قیام ، مٹہ میں ریسکیو1122کے قیام کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔