پھانسی کی سزا مسترد، اے پی ایم ایل کے صدر نے خودکشی کا اعلان کردیا
سوات (زماسوات ڈاٹ کام) پرویزمشرف کو پھانسی کی سزا مسترد،آل پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی سینئر نائب صدر نے احتجاجاََڈی چوک میں خودکشی کرنے کا اعلان کردیا،چالیس سال تک ملک وقوم کی خدمت کرنے والے سید پرویز مشرف کو پھانسی دینے کی سزاہرگزمنظورنہیں،اس حوالے سے آل پاکستان مسلم لیگ کے اراکین نے صوبائی سینئرنائب صدر کی قیادت میں مظاہرہ کیا، پاک فوج اورپرویزمشرف کے حق میں نعرے لگائے۔
دریں اثناء آل پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی سینئر نائب صدر شاہد خان شاہین نے ساتھیوں کے ہمراہ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سابق آرمی چیف پرویزمشرف نے چالیس سال تک ملک وقوم کی جو خدمت کی ہے وہ کسی اہل نظر سے ڈھکی چھپی نہیں،ان کے بعد اس ملک کو کوئی ایسالیڈرنہیں ملا جس نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہو،سیاسی پارٹیاں صرف ذاتی مفادات اوراقتدارکیلئے کوششیں کررہی ہیں ۔
جبکہ سیدپرویز مشرف نے ملک اور عوام کی خدمت کیلئے عملی کام کیاہے،انہوں نے صدر پاکستان،وزیراعظم،آرمی چیف اورسپریم کورٹ سے مشرف کے حوالے سے سنائے گئے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی اورایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہاکہ اگر مطالبہ منظورنہیں ہوا تو ڈی چوک میں خود کشی کروں گا،اس موقع پر انہوں نے پرویز مشرف اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔