آئی ایم ایف آج ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدے گا: حفیظ شیخ
اسلام آباد(ویب ڈیسک)آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں رکن ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قرض کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پہلے سے دیئے گئے قرض کی اقساط میں تاخیر سے متعلق فیصلے بھی کیے جائیں گے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف آج پاکستان کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر ڈالر منظور کر دے گا۔ عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ یہ رقم پاکستان کو کورونا کے خلاف اقدام میں بڑی مدد کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کے لیے ریلیف کے اقدامات بھرپور انداز سے کر رہے ہیں، ریلیف اقدامات کے لیے فنڈز بروقت فراہم کر رہے ہیں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا سے نقصانات ضرور ہیں لیکن اللہ سے بہتری کی امید ہے، تعمیراتی شعبے کے ریلیف کے لیے آرڈیننس آج منظور ہونے کی توقع ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 3 ہفتے پہلے کورونا سے نمٹنے کیلئے قرض کی درخواست کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دیدی تو یہ رقم فوری طور پر جاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ رقم پہلے سے جاری قرض پروگرام کے علاوہ ہوگی، کورونا سے متعلق ملنے والے قرض کے ساتھ کسی قسم کی شرائط نہیں رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سمیت 70 ترقی پریز ممالک کو کورونا کی صورت حال کے پیش نظر قرضوں میں ایک سال کی ریلیف دیدی ہے۔