کالم/ مضامین

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام کھلا خط

بقلم ظفر حیات سپین خان

محترم جناب ! سپہ سالار بری فوج پاکستان، امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے، آپ سے ملاقات کا شرف حاصل نہیں ہو سکتا اس لئے اپنی اس تحریر میں آپ کو مخاطب کرنے کی جسارت چاہوں گا۔

جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ مملکت پاکستان کے 75 سال پورے ہونے کو ہے، ان 75 سالوں میں پاکستان کو بہت ہی کٹھن اور مشکل وقت سےدوچار ہونا پڑا، فوجی حکومت ہو یا جمہوری حکومت ، کسی نہ کسی طریقے سے پاکستان کو نقصان پہنچا اور اس نقصان کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر غریب طبقہ ہوا ہے ۔

آپ کے علم میں ہے کہ ان سیاسی مداریوں نے ہر بار عوام کا خون چوسا ہے اور ہر بار غریب عوام کو دیوار سے لگایا ہے ، کرپشن، اقربہ پروری، لاقانونیت نے نہ صرف اس ملک کا بیڑہ غرق کیا ہے بلکہ غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ہماری ساری زندگی مایوسی میں گزری اور ہم مستقبل کے خدشات کے تناظر میں یہ بھی دیکھتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسل بھی اس مایوسی سے دوچار ہو گی۔

ان75 سالوں میں ہم نے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر اوپر چڑ ھتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا ،غریب دن بدن بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے اور امیر مزید امیری کے مزے لوٹ رہا ہے ۔ جو بھی حکومت کرنے آتا ہے وہ ملکی خزانہ لوٹ کر چلا جاتا ہے، اپنے اور اپنے آنے والی سو نسلوں کا بندوبست کرکے غریب عوام کو مزید غربت میں دھکیل کا چلا جاتا ہے ۔

جناب محترم! میری آپ سے التجاء ہے کہ سیاسی تناؤ کے اس ماحول  میں آپ ہی یہ کشتی ڈبونے سے بچا سکتے ہیں، آپ ان تمام سیاسی مداریوں کا احتساب کیجئے، ملکی خزانے کی لوٹی ہوئی رقم ان سے واپس لے، ان کے جائیدادیں، زمینیں،کاروبار، غیر ملکی سرمایے ضبط کرے، ان کے بچوں، خاندان والوں کا احتساب کریں،بیوروکریسی،نوکر شاہی ،جیوڈیشری ،اور اپنے ادارے کے اندر ان لوگوں کا بھی حساب کیجئے جو ملک کو ڈبونے کے درپے ہیں ۔ ملک میں حقیقی اور ایماندار قیادت کا چناؤ آپ خود کریں تاکہ یہ ملک مزید پستی میں جانے سے بچ سکیں اور غریب عوام کی حالات زندگی بہتر ہو سکیں۔

مجھے یقین ہے کہ آپ ہی ہے جو اس ملک کو صحیح راستے پر لاسکتے ہیں، ان چوروں کا احتساب کر سکتے ہیں اور ملک کو احسن طریقے سے چلا سکتے ہیں۔

میں ایک عام پاکستانی ہوں اور مجھے اس ملک سے اتنی ہی محبت ہے جتنی آپ کو ہے، میری اس التجاء پر غور کیجئے، غریب عوام پر رحم کیجئے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کردار ادا کیجئے۔مجھ سمیت ہر ایک پاکستانی کی نگاہیں آپ ہی کی طرف ہے ، ہمیں مایوس نہ کیجئے گا۔

آپ کا اور اس ملک کا خیر خواہ

ظفر حیات سپین خان، سیاسی رہنماء و سماجی کارکن، سوات

Related Articles

Loading...
Back to top button