اسسٹنٹ کمشنر کبل آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ جیل سیدو شریف کا دورہ کیا۔ معمولی جرائم کے تین قیدی رہا
سوات: ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کبل آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ جیل سیدو شریف کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور جیل کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک، طبی سہولیات، کھیل کے مواقع، قیدیوں کے بارکس، اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
دورے کے دوران معمولی جرائم میں ملوث تین قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ رہائی پانے والے قیدیوں کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ معاشرے میں بہتر زندگی گزار سکیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے کوآرڈینیٹر کے ہمراہ نوعمر قیدیوں کے لیے مختص شعبے کا بھی دورہ کیا۔ اس دوران جیل میں جاری “جیل خواندگی پروگرام” کا جائزہ لیا گیا، جس کے تحت کم عمر قیدیوں کو تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی بحالی اور تعلیم و تربیت پر مزید توجہ دی جائے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔