اسفندیار امیرزیب کو بچھڑے بارہ برس بیت گئے
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) شہزادہ میانگل اسفندیار امیر زیب کو بچھڑے بارہ برس بیت گئے، 28 دسمبر2007 کو بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر تعلیم صوبہ خیبرپختونخوا شہزاہ میانگل اسفندیار امیرزیب کی شہادت کے بارہ سال پورے ہوگئے ۔ اسفندیار امیر زیب 28 دسمبر2007 کو علاقہ منگلور میں انتخابی مہم کے دوران دیگر چھ افراد سمیت بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے ۔
وہ 2008 کے عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کے سلسلے میں منگلور گئے ہوئے تھے کہ مہم سے واپسی پر سڑک کنارے نصب شدہ بم کے زوردار دھماکے کی زد میں آگئے۔ واضح رہے کہ اسفندیار امیر زیب نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پی ایف 81 سے 1997 کے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ اُس وقت کے کم عمر ممبر صوبائی اسمبلی تھے اور ستمبر1998 سے اکتوبر1999 تک صوبائی وزیر تعلیم کا قلمدان بھی سنبھالے رکھا۔ اسفندیار امیر زیب 2003 سے 2005 تک سوات کے ضلعی ناظم بھی رہے ۔
اسفندیار امیر زیب سوات کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے شہزادہ میانگل امیر زیب کے صاحبزادے اور والی سوات میانگل عبدالحق جہانزیب کے پوتے تھے ۔