آج کی خبریںقومی خبریں

اسلام آباد میں کہیں بھی کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند نہیں کیا گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کی اطراف میں خندقیں کھودنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ شہر میں کسی بھی سڑک پر خندق نہیں کھودی گئی اور نہ ہی کسی بھی سڑک کو کنٹینر سے بند کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کنٹینرز صرف سڑکوں کی سائیڈ پر رکھے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بحال ہے اور کسی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ دو تین روز سے خبریں آرہی تھیں کہ جمیعت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ کو روکنے کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھپنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ پنجاب حکومت نے سندھ اور بلوچستان سے آنے والے آزادی مارچ کے قافلوں کو روکنے کی تیاری شروع کردی ہے۔

گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیا ۔ کنٹرول روم کے ذریعے پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت کو کنٹرول کیا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ نے دریائے سندھ اٹک پل پر کنٹینرز لگانے کا کام بھی شروع کر دیا۔ پہلے فیز میں کنٹینرز دریائے سندھ اٹک پل کے مقام کے کناروں پر رکھ دیئے گئے اور ساتھ ہی خاردار تار بھی لگانے کا کام شروع کر دیا تھا۔ جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکمت عملی بھی ترتیب دی جا رہی تھی لیکن ترجمان اسلام آباد پولیس نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button