انسدادِ ڈینگی کے لئے پیشگی اقدامات، اے ڈی سی ریاض علی خان نے تیاریوں کا جائزہ لیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ڈینگی کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات ریاض علی خان نے کی۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ کورڈینیٹر ڈاکٹر عارف نے انسدادِ ڈینگی اقدامات اور موسم بہار اور گرما کے لئے پیشگی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عارف نے سال 2021 میں ٹیموں کی کارکردگی اور اقدامات اور نتائج پر اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات ریاض علی خان کا کہنا تھا کہ انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ٹیموں خصوصاً لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کردار نہایت اہم ہے, لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بھرپور محنت کی اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں ڈینگی کے سد باب کے لئے آگاہی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، گھروں اور واٹر سپلائی والے ٹیوب ویلز کی صفائی وقت پر شروع کی جائے تاکہ ڈینگی لاروا کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ ملے۔ اے ڈی سی کا کہنا تھا کہ کمرشل ایریاز میں صفائی، ٹائر سے منسلک کاروبار اور کنسٹرکشن سائیٹس پر مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے، اسی طرح مختلف ٹاؤنز اور رہائشی علاقوں میں بھی سروے کیا جائے اور ان جگہوں کی نشاندہی کی جائے جہاں لاروا کے پیدا ہونے کے امکانات ہوسکتے ہیں۔ اے ڈی سی ریاض علی خان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں ائسولیشن وارڈز مارچ سے فعال کئے جائیں اور آگاہی کے لئے بھی خصوصی مہم شروع کی جائے، آگاہی کے سلسلے میں گھروں اور سکولوں میں بھی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے صفائی سے منسلک اداروں کو بھی احکامات جاری کئے اور کہنا تھا کہ خصوصی صفائی مہم شروع کی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈینگی سرویلنس اور خصوصی اقدامات کا آغاز مارچ کے مہینے سے کیا جائے گا جس کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسدادِ ڈینگی سے وابستہ 450 اہلکاروں کی تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے گا تاکہ منظم طریقے سے آگے بڑھا جائے۔